ناگپور،25دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے ایک پروگرام کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کیا۔ شرد پوار نے کہا کہ پی ایم مودی ابتدائی دو سال کی مدت کے دوران مجھے مشورہ کے لئے بلا لیا کرتے تھے، لیکن اس کے بعد وزیر اعظم نے مجھ سے کبھی بھی کوئی صلاح مشورہ نہیں کیا۔
واضح ہو کہ مہاراشٹر کے گوندیا میں اسٹیٹ ٹیچرس لٹرری فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اسی پروگرام کے دوران ہندوستانی سیاست میں کافی تجربہ کار سمجھے جانے والے شرد پوار نے پی ایم مودی پر نشانہ لگایا۔ غور طلب ہے کہ نریندر مودی نے ایک بار اس بات کا ذکر کیا تھا کہ شرد پوار ان کے سیاسی رہنما ہیں۔پی ایم مودی کے بیان پر طنز کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ وہ مجھ سے مشورہ ہی نہیں مانگتے ہیں۔ مجھے تو چھوڑیئے، وہ اپنے وزراء اور ممبران پارلیمنٹ کی بات نہیں سنتے ہیں۔ این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ آزاد بھارت میں اور کسی وزیر اعظم نے تو نہیں بلکہ مودی نے وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کو رسوا کیا ہے۔ اس دوران انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف پنپتے عدم اطمینان اور کسانوں کے مسائل پر بھی زور دیا۔ شرد پوار نے یقین دلایا کہ حکومت میں آنے پر وہ فی کوئنٹل دھان کے لئے 2500 روپے دیں گے۔ این سی پی چیف نے گوندیا میں بھیل پروجیکٹ کی منظوری نہ دینے پر حکومت کی تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو گزشتہ کی یو پی اے حکومت کی طرف سے منظوری دی گئی تھی۔